مؤسسۃ المحدث محمد عبداللہ الأعظمی رحمہ اللہ صاحب الجامع الکامل الخیریۃ کا تعارف




ہم نےالجامع الکامل طبع دوم کی اشاعت کے بعد ایک مستقل ٹرسٹ بنام (مؤسسۃ المحدث محمد عبداللہ الأعظمی رحمہ اللہ صاحب الجامع الکامل الخیریۃ ) قائم کرلیا تھا جس کے تحت الجامع الکامل کی ویب ، ایپ ، پی ڈی ایف ، شاملہ وغیرہ سب کچھ تیار کرنا ہے اور اس پر کام شروع کروا دیے گئے ہیں ۔ نیز جو بھی ہم حدیث اور علوم حدیث کی کتب شائع کررہے ہیں وہ تمام اسی مبارک مؤسسۃ کے تحت شائع کی جائیں گی ۔ ان شاء اللہ

حالات جیسے بھی ہوں میں پر عزم ہوں کیونکہ

اس خرابے کی تاریخ کچھ بھی سہی، رات ڈھلنی تو ہے رُت بدلنی تو ہے

خیمہء خاک سے روشنی کی سواری نکلنی تو ہے رُت بدلنی تو ہے

 آخر میں دعا ہے کہ اے اللہ میرے عزائم بہت بلند ہیں ، میرا توکل بہت مضبوط ہے ۔اپنی خاص رحمت سے زندگی ، صحت اور علم میں برکت فرمادے ۔ اور ہزاروں کتب شائع کرنے کا  جو عزم ہے وہ خزانہ غیب سے خاص مدد فرما کر پورا کر دے۔اور تیرے مبارک دین کے متعلق میرے جو عزائم ہیں وہ پورے فرمااور اسلام کی حالت میں فوت کرنا اور روز قیامت جنت الفردوس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ساتھ نصیب فرمانا ۔آمین 

 میرے تمام اعمال کو میرے لیے ، میرے اساتذہ اکرام ،والدین اور معاونین کےلیے صدقہ جاریہ بنا۔آمین

............

سوال : ایک دن راقم نے محدث اعظمی رحمہ اللہ کو یہ میسج لکھا :السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ 

شیخنا الکریم اللہ تعالی آپ کو ایمان و خیر و صحت والی لمبی زندگی عطافرمائے اور دین حنیف کی مزید خدمت کرنے کی توفیق عطافرمائے ۔آمین 

دار ابن بشیر للنشر والتوزیع کی ٹیم نے دن رات کی محنت سے اللہ تعالی کی رضا کے لیے آپ کی مبارک کتاب کو  شائع کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ اللہ تعالی قبول فرمائے ۔آمین 

شیخ محترم اب ہم آپ کی طرف سے اذن عامہ چاہتے ہیں کہ جس میں یہ تحریر ہو کہ دار ابن بشیر للشر والتوزیع کی لجنہ کو اجازت ہے کہ وہ الجامع الکامل کی ویب ، ایپ ، پی ڈی ایف ، الجامع الکامل شاملہ  تیار کریں اور اسے پوری دنیا میں عام کریں ۔

الحمد للہ ہماری ٹیم نے اس مبارک موسوعہ پر کام شروع کردیا ہے ۔ جس میں بہت سا خرچہ بھی ہو گا اور کافی وقت بھی درکار ہے ۔

ہم نے عزم کیا ہے کہ جدید دور کے مطابق آپ کی تمام کتب کو الجامع الکامل ایپ میں پیش کریں ،اور ان کو تمام طریقوں سے دنیا میں عام کریں جن میں ممکن ہو سکے ۔آپ کی طرف سے ہمیں اذن عامہ تحریری چاہیے اور آپ کی دیگر تمام کتب کی ورڈ کی فائلیں بھی چاہیے ۔ بارک اللہ فیکم 

نیز ہم نے مؤسسۃ الجامع الکامل للمحدث عبداللہ الاعظمی الخیریۃ کے نام سے ایک مؤسسۃ کی بنیاد رکھی ہے جس کے تحت ہم حدیث و علوم حدیث و اسماء الرجال پر تمام کتب شائع کریں گے  ۔

بارک اللہ فیکم 

دعاؤں کا طالب ابن بشیر الحسینوی  


اس کے جواب میں محدث اعظمی رحمہ اللہ نے یہ جواب دیا :


چوتھا پیغام: السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ حسینوی صاحب امید ہے کہ آپ خیر وعافیت سے ہوں گے ۔ جناب وسیم صاحب کا پیغام ملا کتاب ان کو پہنچ گئی جزاکم اللہ خیرا اور اسی طرح سے کینڈا سے ابو حسن سعید صاحب کا فون آیا بڑی تفصیلی گفتگو ہوئی وہ الجامع الکامل کو الیکٹرونک انداز میں کچھ بنانا چاہتے ہیں جو میں تو نہیں سمجھ سکا لیکن ان کی باتوں سے پتا چلا کہ وہ الجامع الکا مل کو الیکٹرونک طریقے سے پھیلانا چاہتے ہیں مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں بلکہ میں خوشی محسوس کرتا ہوں کہ اگر وہ اس طرح کام کریں تو ہمیں خوشی ہوگی کیو نکہ یہ کتاب میری نہیں بلکہ ہمارے نبی 

ﷺ کی کتاب ہے ۔جس کو جتنا پھیلایا جائے کم ہے تاکہ ہم نبی ﷺ کی شفاعت کے مستحق ہو سکیں ۔

اور یہ خبر بھی پڑھی کہ آپ نے الجامع الکامل کے نام پر مؤسسۃ قائم کردیا ہے جہاں سے اچھی اچھی حدیث کی کتابیں شائع ہوں گی اللہ تعالی سے دعا ہے کہ اللہ تعالی آپ کو مزید توفیق عطافرمائے اور آپ کے ساتھیوں کو بھی اللہ تعالی توفیق عطافرمائے اور اس خدمت کے عوض اللہ تعالی آپ کو جنت الفردو س عطافرمائے ۔والسلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ


0 تبصرے