بسم اللہ الرحمن الرحیم
مقدمہ
مجمع لشروح صحیح البخاری
نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم اشھد ان لاالہ الا اللہ واشھد ان محمدا عبدہ ورسولہ امابعد:
قرآن و حدیث پر استقامت بہت بڑی سعادت ہے ۔وحی الہی قرآن و حدیث کی صورت میں محفوظ تھی ،ہے اور قیامت تک رہے گی ۔اللہ تعالی محدثین پر رحم فرمائے جنھوں نے ہردور میں قرآن وحدیث کی خدمت کو اپنے لیے اعزاز سمجھا انہیں عظیم لوگوں میں سے امیر لمومنین فی الحدیث امام محمد بن اسماعیل البخاری رحمہ اللہ بھی ہیں جن کی تصنیف کردہ کتاب صحیح البخاری کو قرآن مجید کے بعد صحیح ترین ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔
خوش قسمت ہے وہ انسان جس نے اپنی زندگی کے ایک ایک سانس کو خدمت حدیث کے لیے وقف کررکھا ہو ، اس کی زندگی کا ہر سانس نبی آخر الزمان ﷺ پر قربان ہو۔ اللہ تعالی ہمیں بھی ان سعادت مند لوگوں میں کرے ۔آمین
صحیح البخاری کی عربی شروحات کثیر تعداد میں موجود ہیں ،ان کتب میں موجود وہ بحوث جن کا تعلق صحیح البخاری کے متن کو سمجھنے کے ساتھ ہے ،بالفاظ دیگر جب مدرس یا قاری کو صحیح بخاری کے مطالعہ کے دوران مشکل عبارتوں کا سامنا ہوتا تو وہ اپنا اشکال حل کرنے کے لیے صحیح بخاری کی کئی ایک شروحات کی طرف رجوع کرتاہے ۔اس مشکل کو حل کرنے کے لیے ایک آسان ، واضح اور متن صحیح بخاری کو حل کرنے کے لیے تمام شروحات سے متون کے متعلقہ فوائد مرتب کرنے کی اشد ضرورت تھی تاکہ قاری کو وہ تمام چیزیں جو اس نے کئی شروحات کو دیکھ کر حاصل کرنی تھیں وہ فوائد یکجا ایک ہی جگہ میں مل جائیں ۔یہ مبارک کتاب جو ابھی آپ کے ہاتھ میں ہے اس میں ہر حدیث کے تحت تمام شروحات سے قیمتی فوائد احسن انداز میں اختصار کے ساتھ مرتب کردیے گئے ہیں ۔الحمدللہ
یہ شرح جہاں درج ذیل شروحات کے فوائد پر مشتمل ہے ۔شرح صحیح البخاری لابن بطال ، فتح الباری لابن حجر ، عمدۃ القاری للعینی ، ارشاد الساری للقسطلانی ،منار القاری لحمزہ محمد قاسم وغیرہ ، وہاں دیگر کئی محدثین کے فوائد بھی ملے گئے ہیں ۔ مؤلف اپنے مراجع و مصادر کے متعلق خود وضاحت کرتے ہیں ـ قد اعتمدت في هذا الشرح على أهم شروح صحيح البخاري وغير ذلك من كتب الفقه وأصول الفقه وكتب التفاسير والشروح المعتمدة۔‘‘(مقدمہ)
یہ مبارک کام دس سال میں مکمل ہوا ۔
یہ مبارک کام ۱۹۹۹ ء میں مکمل ہو چکا تھا ،لیکن ناشرین نے اس مبارک شرح پر توجہ نہ کی جس بنا پر یہ شرح آج تک شائع نہ ہو سکی ۔اللہ تعالی نے یہ اعزاز’’ مؤسسۃ لخدمۃ صحیح البخاری ‘‘کو عطافرمایا ۔جس کے مقاصد میں ایک عظیم مقصد یہ بھی ہے کہ صحیح البخاری کے متعلق وہ نادرو نایاب شروحات شائع کرنی ہیں جو اب تک شائع نہیں ہو سکیں ۔ دعا لینے کی غرض سے یہ بتانا مناسب سمجھتا ہوں کہ مؤسسۃ کے تحت جو کام جاری ہیں ان کی ضروری تفصیل یہ ہے ۔
۱:منحۃ الباری شرح صحیح البخاری افادات شیخ الاسلام حافظ محمد محدث گوندلوی رحمہ اللہ
مرتب :مولانا محمد رمضان السلفی حفظہ اللہ شیخ الحدیث جامعہ لاہور الاسلامیہ
)پہلی چار جلدیںشائع ہو چکی ہیں ۔مکمل شرح دس سے زیادہ جلدوں پر مشتمل ہو گی،مکتبہ قدوسیہ پر دستیاب ہے۔ (
۲:ضیاء القاری شرح صحیح البخاری افادات فضیلۃ الشیخ عبدالرحمن الضیاء حفظہ اللہ استاذ الحدیث مدرسہ تعلیم القرآن و الحدیث جھنگ ۔
مرتب مولانا احسان یوسف الحسینوی حفظہ اللہ مدیر التعلیم جامعہ امام احمد بن حنبل ،قصور
(دو جلد یں کمپوز ہو چکی ہیں تیسری جلد پر کام جاری ہے ۔مکمل شرح کی بیس جلدیں بنیں گی ،ان شاء اللہ )
۳:تقریر چھتوی علی صحیح البخاری افاداتشیخ الحدیث مفتی اعظم محمد عبداللہ امجد چھتوی رحمہ اللہ (یہ عظیم شرح کمپوزنگ ہو چکی ہے ۔یہ فوائد ایک ضخیم جلد پر مشتمل ہیں۔اس پر نظر ثانی جاری ہے (
۴:شرح صحیح البخاری از افادات شیخ الحدیث عبدالعزیزعلوی حفظہ اللہ ،اس شرح کی ریکارڈنگ پر کام شروع ہو چکا ہے ۔
۵: انوار القلوب للقاری بفوائد البخاری از محمد ابراہیم بن بشیر الحسینوی (راقم الحروف)اس کی پہلی جلد کمپوزنگ ہو چکی ہے نظر ثانی جاری ہے ۔
۶:المجمع لشروح صحیح البخاری از الدکتور عبداللہ قاضی (۱۸ جلد)یہ عربی میں شرح ہے تمام شروحات صحیح بخاری کے اہم فوائد جمع کیے گئے ہیں ۔ یہ آپ کے ہاتھوں میں ہے ۔
۷:مجمع متون صحیح البخاری از محمد ابراہیم بن بشیر الحسینوی ۔اس پر کام جاری ہے ۔اللہ تعالی نے توفیق دی تو ہم صحیح البخاری کے متن کو اس انداز میں شائع کریں گے جس میںصحیح بخاری کی احادیث کے منتشر الفاظ کو تمام کتب حدیث سے جمع کیا جائے گا۔ ان شاءاللہ
۸: امام بخاری کی فقیہانہ بصیرت از شیخ ریاض عاقب اثری ۔الحمدللہ یہ کتاب فقیر کی نظر ثانی کے ساتھ شائع ہو چکی ہے ۔
مزید کئی ایک شیوخ الحدیث کے صحیح بخاری پر فوائد اکٹھے کیے جارہے ہیں ۔
مؤلف مجمع لشروح صحیح البخاری:
مجمع لشروح صحیح البخاری کے مؤلف و مرتب فضیلۃ الاستاذ الدکتور عبداللہ القاضی حفظہ اللہ ہیں ۔مختصرا عرض ہے کہ آپ ساہیوال شہر سے د س کلو میٹر کے فاصلے پر ایک دیہات میں ۱۹۵۲ءکو پیدا ہوئے ۔۱۹۷۹ ء میں کراچی یونیورسٹی سے ایم اے عربی کیا ، پھر دینی تعلیم کے لیے ماموں کانجن کے مدرسہ میں داخلہ لیا یہاں آپ نے مولانا صوفی عبداللہ ،شیخ الحدیث پیر محمد یعقوب ، شیخ الحدیث حافظ محمد گوندلوی ،شیخ الحدیث محمد صادق خلیل رحمھم اللہ جیسی عظیم ہستیوں سے استفادہ کیا ۔اور وفاق المدارس السلفیہ سے ۱۹۸۳ء میں عالمیہ مکمل کیا ۔ پھر آپ کو کنگ یونیورسٹی سعودی عرب میں داخلہ ملا وہاں شیخ الاسلام ابن باز اور شیخ الاسلام ابن عثیمین رحمہما اللہ اور دیگر کئی ایک عرب محدثین سےاستفاد ہ کیا ۔
۱۹۸۸ء میں پنجاب یونیورسٹی لاہور سے ’’ الحدود والتعزیرات ‘‘ کے موضوع پر عربی زبان میں پی ایچ ڈی مکمل کی۔
۲۰۰۸ء میں یو کے سے’’ لسانیات ‘‘ میں پی ایچ ڈی کی ۔آپ نے ساری عمر کالجز و یونیورسٹیز کے شعبہ اسلامیات اور عربی میں اپنی خدمات سرانجام دیں اور تا حال یہ سلسلہ جاری ہے ۔اب آپ سرگودھا یونیورسٹی فیصل آباد کیمپیس ستیانہ روڈ کے شعبہ عربی اور اسلامیات کے ہیڈ کے طور پر کام کررہے ہیں ۔
اللہ تعالی نے جہاں آپ کو دینی علوم و فنون میں مہارت عطافر مائی ہیں وہاں وسیع مطالعہ اور منہج محدثین کی پاسداری جیسی دولت سے بھی مالا مال فرمایا ہے ۔ موصوف نے ساری زندگی قرآن و حدیث کی تدریسی و تصنیفی خدمت میں گزار دی ۔ دس سال کی محنت شاقہ سے یہ مبارک شرح ۱۸ جلدوں میں مکمل کی جسے جدید سیٹنگ کے ساتھ ۸ جلدوں میں شائع کیا جارہا ہے ۔’’ امین کعبہ ‘‘ کے نام سے سیرت النبی ﷺ کے پر ایک بہت قیمتی کتاب تحریر کی جو کہ مطبوع ہے اورآپ نے بارہ جلدوں پر مشتمل ’’ مینار الھدی ‘‘ کے نام سے تفسیر قرآن کریم بھی لکھی جس کی کچھ جلدیں شائع ہو چکی ہیں باقی زیر طبع ہے ۔
موصوف نے اپنی یہ شرح عرب و عجم کے علماء ، مشائخ اور محدثین کو دکھائی ہے ،تمام نے اس کو پسند کیا ۔الحمدللہ
آخر میں مؤسسۃ کی لجنہ کا شکر گزار ہوں کہ جن کی محنت اور توجہ سے یہ عظیم شرح شائع کررہا ہوں ۔ اس شرح کو شائع کرنے میں ہمارے ساتھ جس نے بھی تعاون کیا ہے اللہ تعالی ان کے مال و جان میں برکت فرمائے اور انھیں صحت وایمان والی لمبی زندگی عطافرمائے۔آمین
اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ اس عظیم کارنامے کومؤلف ، ناشراورمعاونین کے لیے صدقہ جاریہ بنائے ۔آمین
اعلان : کسی کے پاس صحیح البخاری کے متعلق کوئی بھی چیز تحریر یا ریکارڈنگ کی شکل میں ہو ہمیں پہنچائیں ہم اعلی معیار پر شائع کریں گے ان شاء اللہ ۔
اللہ تعالی کی توفیق خاص کے بغیر کوئی کام نہیں ہوتا ۔آپ اس عظیم پروجیکٹ میں بڑھ چڑھ کر ہمارا ساتھ دیں۔
اللہ تعالی ہمارا یہ عاجزانہ عمل قبول فرمائے اور ہمیں خدام دین میں شمار فرمائے ،مؤ سسۃ کے معاونین کے مال و جان میں برکت عطافرمائے ۔آمین
العبدالفقیر الی اللہ الغنی
محمد ابراہیم بن بشیر الحسینوی
خادم
مؤسسہ لخدمۃ صحیح البخاری
24.10.2021ء
0 تبصرے